خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود نجی شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ملک کو اس وقت 1 کروڑ گھروں کی کمی کا سامنا ہے، اور اس بحران کے حل کے لیے رئیل اسٹیٹ پر مبنی نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور رہائشی منصوبوں کا آغاز نہایت قابل تحسین قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں رئیل اسٹیٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ نمایاں سرمایہ کاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔وزیر قانون نے کہا کہ متوسط طبقے کے لیے گھروں کی فراہمی نہ صرف ان کے رہنے کے مسائل حل کرے گی بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبے کے ایسے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے جو عوام کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔تقریب کے شرکاء نے نجی شعبے کی اس مشترکہ کاؤش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے مثبت اثرات حامل ہوں گے۔