صوبائی وزیر لائیو سٹاک،فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ زکوٰۃ کی جانب سے سینور کینسر ہسپتال سیدوشریف میں مستحق افرادکے علاج ومعالجے کیلئے 80 لاکھ روپے کا امدادی چیک ہسپتال انچارج کے حوالہ کیا، اس موقع پر میئر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان، ڈسٹرکٹ زکوٰۃ چیئرمین ملک آصف علی شہزاد اور دیگر بھی موجود تھے اس دوران صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے سینور ہسپتال سیدو شریف کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے لیب میں جدید تشحیصی مشین کا افتتاح بھی کیا جس سے کینسر کے مریضوں کی بہتر انداز میں تشحیص ممکن ہوگی،اس موقع پرفضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت غریب عوام کی ہر قسم تعاون کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین علاج فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ غریب کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے اس موقع پر صوبائی وزیر نے سینور سیدو شریف ہسپتال میں دستیاب صحت کی سہولیات سمیت ہسپتال میں عوام کو علاج معالجے کے معیار کا جائزہ لیا فضل حکیم خان نے وہاں پر زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کی تیمار داری کے لئے موجود اہل خانہ سے بھی گفتگو کی اس موقع پرزیر علاج مریضوں نے ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا فضل حکیم خان نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں اور مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو بہترین طبی سہولیات یقینی بنائیں گے۔