وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، ہر شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز بھی کیا گیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بڑے منصوبے شروع کئے گئے، جسکی تکمیل سے نہ صرف عوامی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی بھی آئے گی، خیبرپختونخوا میں ایک عوامی حکومت ہے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز مختلف علاقوں سے آئے وفود سے بات چیت کے دوران کیا اس موقع پر لوگوں نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر لوگوں کے بعض مسائل موقع پر حل جبکہ بعض مسائل متعلقہ محکموں کے سربراہان کو حل کرنے کی ہدایات جاری کیں، معاون خصوصی پیر مصور خان نے لوگوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی سے حالیہ رمضان پیکج کے تحت صوبہ بھر میں مستحق افراد کی مالی معاونت کی گئی، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مساجد اور عبادت گاہوں کی سولرئزایشن، مستحق گھرانوں میں سولر سسٹمز کی تقسیم سمیت ایسے دیگر بڑے منصوبوں کی مثال نہیں ملتی، پیر مصور خان نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چئیرمن عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں فلاحی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں ہے، آئندہ بجٹ میں بھی عوام دوست منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔