ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت منی مائیکرو ہائیڈل پاور ہاؤسز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بونی اپر چترال میں منعقد ہوا، جس میں پیڈو اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے اشتراک سے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چترال اپر حسیب الرحمن خان، منصوبوں کے ٹھیکیداران، پاور ہاؤس کمیٹی کے ممبران اور اے کے آر ایس پی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار، عوام کو بجلی کی فراہمی میں تاخیر کی وجوہات اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ بحالی کے کام فوری طور پر شروع کیے جائیں اور تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی بنیادی عوامی ضرورت ہے، اور اس کی فراہمی مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کمیٹی ممبران کو تلقین کی کہ وہ جاری منصوبوں پر کڑی نظر رکھیں اور وقتاً فوقتاً سائٹ کا معائنہ کرکے پیش رفت کی نگرانی کریں تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی اسپیکر نے متعلقہ اداروں کو اگلے اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کہ اور کہا کہ سست روی پر جوابدہی ہوگی۔