کے ایم یو میں پانچویں بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس 2025 کا آغاز

کانفرنس کا آغاز مختلف موضوعات پر 22 پری کانفرنس ورکشاپس کے انعقاد سے ہوا

ورکشاپس کا افتتاح سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کامران آفریدی نے وی سی کے ایم یو کے ہمراہ کیا

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز (آئی پی ایچ ایس ایس)پشاور کے زیراہتمام پانچویں بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس کا آغاز دو روزہ پری-کانفرنس ورکشاپس سے ہوگیا۔پری کانفرنس ورکشاپس کا افتتاح کامران آفریدی سیکریٹری ہائر ایجوکیشن نے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق وائس چانسلر کے ایم یوکے ہمراہ کیا جب کہ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد الرحمن، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ یہ چارروزہ کانفرنس ”پبلک ہیلتھ میں جدت اور اشتراک” کے موضوع کے تحت منعقد کی جا رہی ہیجو ماہرین کے دلچسپ مباحثوں، منفرد علمی نکات اور عملی تربیت کے مواقع پر مشتمل ایک جامع ایجنڈا پیش کر رہی ہے۔7اور 8اپریل کو منعقد ہونے والی پری کانفرنس ورکشاپس کے علاوہ کانفرنس 9 اور 10 اپریل 2025 کو کے ایم یو کے مرکزی کیمپس پشاور میں منعقد ہو رہی ہے جس میں کثیر تعداد میں ملکی اور بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے۔ مختلف عنوانات کے تحت منعقد ہونے والی 22پری کانفرنس ورکشاپس میں پبلک ہیلتھ سے متعلق کئی اہم موضوعات پر توجہ دی گئی ہے جن میں پرائمری کیئر میں اخلاقیات اور قیادت، کمیونٹی نیوٹریشن اسسمنٹ، صحت سے متعلق تحقیق میں عوامی و مریض شراکت، غیر متعدی امراض، متعدی بیماریوں پر کنٹرول اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات شامل ہیں۔ دیگر اہم موضوعات میں ڈینٹل پبلک ہیلتھ، ذہنی صحت کے چیلنجزاور فیملی میڈیسن و پرائمری کیئر کے طریقہ کار بھی شامل ہیں جو صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ افتتاح کے بعد ورکشاپس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کامران آفریدی نے کہا کہ یہ کانفرنس شرکاء کو اپنے شعبے کے ممتاز ماہرین سے سیکھنے، جدید معلومات سے باخبر رہنے اور تحقیقی منصوبوں پر ماہرین سے رائے حاصل کرنے کا نایاب موقع فراہم کر نے میں کلیدی کرداراداکرے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ورکشاپس محققین، پالیسی سازوں، اور ہیلتھ کیئر لیڈرز سے ملاقات اور روابط بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوں گی۔ پری کانفرنس ورکشاپس شرکاء کو عملی مہارتوں میں بہتری لانے کا موقع فراہم کرنے کے علاوہ جدت طرازی کے لیے مختلف زاویوں سے سوچنے کی ترغیب دینے میں ممد ومعان ثابت ہوں گی۔ کامران آفریدی نے کہا کہ چاہے آپ طالب علم ہوں، محقق، معالج یا پالیسی ساز، پبلک ہیلتھ کی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس 2025 آپ کو ایک ایسا نادر موقع فراہم کرے گی جہاں آپ موجودہ صحت سے متعلق چیلنجز کو سمجھ کر عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر حل تلاش کر نے کے قابل ہو سکیں گے۔

مزید پڑھیں