صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن اور ویمن ایمپاورمنٹ سید قاسم علی شاہ نے بٹگرام کا دورہ کیا

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن اور ویمن ایمپاورمنٹ سید قاسم علی شاہ نے بٹگرام کا دورہ کیا جہاں ضلعی انتظامیہ اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ نے باضابطہ طور پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان تاج محمد خان ترند، سمیع اللّٰہ خان، ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایڈیشنل سیکریٹری عمرا خان، چیف چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اعجاز محمد خان، یونیسف کے چائلڈ پروٹیکشن اسپیشلسٹ سہیل احمد اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں ایک مکمل اور مربوط چائلڈ پروٹیکشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس میں صوبائی سطح پر وزیر سوشل ویلفیئر کی سربراہی میں فوکل پوائنٹ قائم کیا گیا ہے، 19 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس فعال کیے گئے ہیں، ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ضلعی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، اور مقامی سطح پر کمیونٹی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں بچوں کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔چیف چائلڈ پروٹیکشن آفیسر خیبرپختونخوا اعجاز محمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں اب تک 21 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں اور باقی اضلاع میں بھی جلد فعال کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کمیشن کی جانب سے 34,086 بچوں کو مختلف خدمات فراہم کی گئی ہیں جو استحصال یا تشدد کا شکار تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قاسم علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے تحفظ، ان کے حقوق کی فراہمی اور ان کے محفوظ مستقبل کے لیے حکومت خیبرپختونخوا پرعزم ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا قیام اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ بچوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے استحصال، تشدد یا ناانصافی کی روک تھام میں نہایت اہم کردار ادا کرے گا اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کار کا مرکز ہوگا۔وزیر قاسم علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ سوشل ویلفیئر، یونیسف اور خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ یونٹ بٹگرام سمیت پورے علاقے میں بچوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کے لیے گرانٹ ان ایڈ بجٹ میں اضافہ کرے گی تاکہ مزید اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں