چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت اربن پالیسی و بلڈنگ کنٹرول سے متعلق جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں شہروں میں منصوبہ بندی کو مؤثر بنانے میں اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ اور لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہروں سمیت سیاحتی مقامات کے لئے ماسٹر پلان اقدامات اور لینڈ یوز و بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فعال بنانے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ اور لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جیسے اداروں کے ذریعے شہری منصوبہ بندی کو جدید تقاضوں کے مطابق کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اربن پالیسی یونٹ، ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جلد از جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو اتھارٹی کو تمام درکار وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ صوبے میں اربن پلاننگ کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے منظور شدہ ماسٹر پلانز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں ماسٹر پلاننگ کے عنصر پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں مختلف شہروں اور علاقوں کے ماسٹر پلانز مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ سیاحتی مقامات کی ماسٹر پلاننگ کیلئے ضم اضلاع سمیت دیگر اضلاع میں اہم سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے جس کی ماسٹر پلاننگ پر کام جاری ہے۔ صوبے میں سیاحتی اہمیت کے حامل پانی کے ذخائر، ڈیمز اور دریاؤں کے اطراف مقامات کو بھی ماسٹر پلاننگ میں شامل کیا جارہا ہے۔ جس میں تانڈہ ڈیم، گنڈیالی ڈیم، چشمہ، باران ڈیم، ورسک، دربند، مالاکنڈ ہائیڈل پراجیکٹ سٹریم، دریائے سندھ، سوات، کابل، سرن پر مختلف سیاحتی مقامات کی ماسٹر پلاننگ کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی فعالیت میں جدید منصوبہ بندی کے اصولوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھنے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں