وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی کو محکمہ صحت میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے چیف پلاننگ آفیسر قیصر عالم نے بریفنگ دی۔مشیر صحت نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں پایہ تکمیل کے قریب منصوبوں کی تکمیل کو مقدم رکھنا ہے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور انھیں جلد سے جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے تاکہ عوام کے پیسوں پر بننے والے منصوبے عوام کی دسترس میں آجائیں۔ چیف پلاننگ آفیسر نے بتایا کہ محکمہ صحت کے 120 منصوبوں کیلئے 147 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 95 بندوبستی اضلاع کے منصوبوں کیلئے 114 ارب، ضم اضلاع کے 10 منصوبوں کیلئے 12 ارب اور تیز تر ترقیاتی پروگرام کے تحت 15 منصوبوں کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک ان منصوبوں پر 57 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ کچھ منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور افتتاح کیلئے تیار ہیں۔