وزیر اعلیٰ علی آمین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت فوڈ اتھارٹی کو مزید جدید آلات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے ظاہر شاہ طورو
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی زیر انتظام حیات آباد پشاور میں قائم سنٹرل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر خوراک کو لیبارٹری میں جاری سول ورک اور مختلف جدید فوڈ ٹیسٹنگ آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل واصف سعید،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبد الرحمن، ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیب میں مختلف خوردنی اشیاء کے نمونوں کی جانچ کے لیے جدید مشینری نصب کی گئی ہے، جن میں ملکوں اسکین، میٹ ٹیسٹنگ لیب، سی ڈی آر، پی این آئی آر، آئیڈکس سالوشن، ایلیزا، اور انکیوبیٹر شامل ہیں۔ ان تمام مشینوں کے ذریعے مختلف خوردنی اشیاء کی ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ وزیر خوراک کو یہ بھی بتایا گیا کہ ٹی ڈی ایس میٹر، آئی چیک کروما، سونی کیٹر، کمی نار فلو ہوڈ، آٹو کلیوو، اور پی ایچ میٹر سمیت دیگر آلات بھی مکمل طور پر فعال ہیں۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا دورے کے موقع پر کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی قیام کا مقصد خوردونوش اشیاء کی سائنسی بنیادوں پر جانچ پڑتال ہے ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ سنٹرل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے علاؤہ فوڈ اتھارٹی کی 12 موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی صوبہ بھر میں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں جدید ملکوں اسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کی جانچ کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت فوڈ اتھارٹی کو مزید جدید آلات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ظاہر شاہ طورو شاہ نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی کے ذریعے ہم ہسپتالوں کو ویران کر سکتے ہیں۔