خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار اور مفید شہری بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ملکی سطح کے اقلیتی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر اقلیتی برادری کے ارکان نے صوبے میں درپیش چیلنجز سے وزیر قانون کو آگاہ کیا اور اقلیتی فیملی لاز، بشمول ہندو میرج ایکٹ، سکھ میرج ایکٹ، کرسچین میرج ایکٹ، اور کیلاش میرج ایکٹ کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کی۔وزیر قانون نے وفد کو یقین دلایا کہ ہندو میرج ایکٹ کے لیے رولز آف بزنس (آر او بیز) کی تیاری محکمہ قانون کے سینئر حکام کی مشاورت سے کی جا رہی ہے، تاکہ اقلیتی برادری کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کی منظوری کے بعد اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی اور ان کے مسائل کا حل ممکن ہوگا۔اجلاس میں دونوں فریقین نے اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ترقی میں مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیر قانون نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔