وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان سے ملاکنڈ کے اساتذہ کرام کے ایک وفد نے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی، وفد کی قیادت سینئر ٹیچر راحت خان کررہے تھے، اس موقع پر اساتذہ کرام کے وفد نے معاون خصوصی کو ملاکنڈ میں آگرہ اور ملحقہ یونین کونسلز کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی، تعلیمی سہولیات، اساتذہ اپگریڈیشن سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا، معاون خصوصی پیر مصور خان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا شعبہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی حصہ اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے میں معیاری تعلیم، سکولوں کو فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت نے عملی اقداما ت اٹھائے ہیں اور اس ضمن میں اربوں روپے خرچ کیے ہیں،انھوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں،تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،انکے مسائل کے حل کے حوالے سے جلد متعلقہ حکام کے ساتھ بات کروں گا، پیر مصور خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے عنقریب میرٹ پر 17000 اساتذہ بھرتی کررہی ہے، انھوں نے بات چیت میں اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اس لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں، اساتذہ کرام سکولوں میں بچوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور شجرکاری کی اہمیت سے بھی آگاہ کریں، آخر میں اساتذہ نے مسائل غور سے سننے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا-