وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن محمد مصدق عباسی نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد محکمے کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور عوام کا محکمے کے بارے میں تاثرات سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ پٹوار سے متعلق شکایات کثرت سے سامنے آرہی ہیں۔ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلزیش سے ان شکایات میں کمی آئیں گی۔ عوام جائز کاموں کے لئے رشوت دینے سے گریز کریں۔ کرپشن سے متعلق شکایات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے آن لائن پورٹل ” اختیار عوام کا ” میں درج کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں ماہانہ کھلی کچہری کے صدارت کے موقع پر کیا۔ کھلی کچہری میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا صدیق انجم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور سائلین کے شکایات تفصیل سے سنیں۔سائلین نے محکمہ مال، بلدیات، ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق شکایات جمع کیں۔مشیر وزیراعلی مصدق عباسی نے سائلین کی شکایات تفصیل سے سنیں اور انکے حل کے حوالے سے ضروری احکامات و ہدایات جاری کیے۔اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کے علاؤہ ریجنل دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جس میں 59 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ جبکہ چھ شکایات درج کیے گئے۔مشیر وزیراعلی مصدق عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے واٹس ایپ نمبر 03319988848 جاری کردیا ہے۔ جس کے ذریعے عوام کرپشن کی نشاندھی و شکایات کا اندراج واٹس ایپ پر بھی کرسکتے ہیں.مشیر وزیراعلی مصدق عباسی نے شکایات پر ہونے والی کاروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ جبکہ درج شکایات کے حوالے سے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا حکام کو درج شکایات کو ٹریک کرتے ہوئے پیشرفت سے مسلسل آگاہ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے ریجنل دفاتر میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں پر عوامی شکایات و مسائل سنے گئے۔