خیبرپختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود میں سب سے آگے ہے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں ملک بھر میں سب سے آگے ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا نے 169 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کر کے باقی تمام صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے۔ظاہرشاہ طورو نے ان خیالات کا اظہار مردان میں ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے مہمانِ خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور تھے۔ تقریب سے مشیر صحت احتشام علی ایڈووکیٹ اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے بھی خطاب کیا۔وزیر خوراک نے کہا کہ مردان میں بچوں اور ماؤں کے علاج معالجے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تکمیل سے علی امین گنڈاپور نے اہالیان مردان کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کر لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نہ صرف صوبے بھر میں جاری اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا بلکہ آنے والے مالی سال کے بجٹ میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے نئے ریکارڈ منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور مہم چلانے کے ساتھ ساتھ صوبے میں گڈ گورننس کی بھی اعلیٰ مثال قائم کی، جس سے خیبرپختونخوا کو اے ڈی پی پلس صوبہ بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا دورہ مردان یہاں کے عوام کے لیے خوش آئند اور نیک شگون ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں