وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایازسے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) خیبرپختونخوا کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں صوبے میں سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، ڈیجیٹل تبدیلی اور باہمی تعاون کے مواقع پر غور و خوض کیا گیا۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے UNDP کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی کے فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مجموعی طور پر صوبے کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ویژن کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تحقیق اور اختراعات کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ UNDP کے وفد نے بھی صوبے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ اس شراکت داری سے خیبرپختونخوا میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔