صوبائی زکواۃو عشر کونسل خیبر پختونخوا کا نواں اجلاس، مستحق افراد کے لیے امداد میں نمایاں اضافہ

خیبر پختونخو زکواۃ و عشر کونسل کا نواں اجلاس کونسل کے چیئرمین امتیاز خان کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی ساجد نواز، صوبائی زکواۃکونسل کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمیٹی کے ایجنڈے اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ ضلع کرم کی زکواۃکمیٹی کی تشکیل نو بھی اجلاس کے اہم نکات میں شامل رہی۔اس موقع پر چیئرمین صوبائی زکواۃو عشر کونسل امتیاز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے نادار، غریب اور بے سہارا افراد کے لیے تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے روشن کارڈ اور سہارا کارڈ کے تحت مستحق افراد کو دی جانے والی ماہانہ امداد کو ڈبل کر کے 10 ہزار روپے کر دیا ہے۔اس فیصلے سے روشن مستقبل کارڈ کے تحت 9 ہزار افراد اور سہارا کارڈ کے تحت 15 ہزار مستحق افراد براہ راست مستفید ہوں گے۔چیئرمین امتیاز خان نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کے لیے جہیز فنڈ کی مد میں 2 لاکھ روپے کی مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ غریب خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور زکوٰۃ و عشر کونسل کے تمام وسائل مستحقین کی خدمت کے لیے بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں