خیبر پختونخواکے وزیر لائیو سٹاک امداد باہمی اور ماہی پروری فضل حکیم خان یوسفزئی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوآپریٹو بینک اور شعبہ امداد باہمی کو عوامی ضرورتوں کے مطابق ان کے مسائل کے حل کے لیے حقیقی معنوں میں مزید بحال بنانے کے لیے تمام تراقدامات اٹھائیں اور اس حوالے سے درپیش رکاوٹوں اور مسائل کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ انہیں بروقت دور کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں محکمہ امداد باہمی کے حوالے سے منقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار کوآپریٹو محمد اسحاق اور دیگر افسران بھی موجود تھے اجلاس میں محکمہ امداد باہمی کے مختلف امور خاص کر کوآپریٹ بینک کوفعال بنانے اور مختلف سوسائٹیوں کی ترقی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے محکمہ کے مسائل کو بروقت حل کرنے متعلقہ عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ امداد بامی کے ضلعی دفاتر کے ساتھ روابط مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے نمائندہ ہونے کی حیثیت سے مسائل کو لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے خواہاں ہیں اور محکمہ امداد باہمی کو دیگر صوبوں سے بھی زیادہ فعال دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ محکم امداد باہمی کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے اراکین سے کمیٹی کی سفارشات جلد بھیجنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس حوالے سے جلد پالیسی کو ترتیب دے کر صوبائی کابینہ کو منظوری کے لیے بھیجا جا سکے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو محکمہ امداد باہمی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔