خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت کا اپنے حلقہ نیابت ضلع کرک کی زیر تعمیر مختلف روڈز کا دورہ

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے اپنے حلقہ نیابت ضلع کرک میں مجوزہ اور جاری ترقیاتی کاموں بالخصوص روڈز پر کام کا جائزہ لینے کیلئے تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام، عمائدین علاقہ، پارٹی کی مقامی قیادت اور پارٹی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے اپنے دورے میں غنڈی کلہ تا احمد آباد، زرخان کلہ تا انذر بانڈہ اور میردل بانڈہ تا نیازی خیل روڈز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دیتے وقت مفاد عامہ کو ضرور مدنظر رکھا جائے تاکہ ان سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔بارکوال نے کہا کہ ماضی کے برعکس وہ سیاسی وابستگی اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر علاقے کی خدمت کررہے ہیں اور ہر معاملے میں علاقہ کے اجتماعی مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق منصوبے ترتیب دیئے جا رہے ہیں جہاں سکول کی ضرورت ہو گی وہاں سکول، جہاں پانی کی کمی ہو گی وہاں پانی اور جہاں روڈز کی ضرورت ہو گی وہاں روڈز بنائیں گے۔اسی طرح زراعت، آبپاشی اور جنگلات کے شعبے بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع کرک کو مثالی ضلع بنانا ان کا مشن ہے۔

مزید پڑھیں