وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ارکان صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور ڈیڈیک چیئرمین زرشاد خان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ مردان اور ڈبلیو ایس سی سی مردان کے زیر اہتمام صفائی مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، ڈبلیو ایس سی سی بورڈ کے چیئرمین انجنئیر عادل نواز، بورڈ کے ممبر ہارون رشید، جنرل منیجر محمد خلیل اکبر,منیجرز راحت اللہ،محمد اسحاق،ڈپٹی منیجر اکرام اللہ اور دیگر متعلقہ حکام اور عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبے بھر میں گورننس کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے جس کے تحت عوام کو مختلف خدمات کی فراہمی بروقت مہیا کرنے اور ماحول کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں تین ہفتے پر مبنی صفائی مہم بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا اس مہم کے دوران محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی اشیائے خورد و نوش کی فروخت کی مارکیٹوں اور دوکانوں کی صفائی بھی یقینی بنائیں گے۔ اُنہوں کہا کہ اس مہم کے دوران گلی کوچوں سڑکوں نالیوں اور بازاروں سمیت سرکاری دفاتر سکولوں کالجوں ہسپتالوں اور دیگر پبلک اور پرائیوٹ جگہوں کی صفائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ڈبلیو ایس سی سی اور ٹی ایم ایز مردان شہر اور پانچوں تحصیلوں میں اس تین ہفتے کی صفائی مہم چلا رہے ہیں اور عوامی نمائندوں، تاجر برادری طلباء و طالبات اور عوام کی مدد سے مردان کو صاف ستھرا بنائیں گے۔ ارکان صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور زرشاد خان نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لیے اس تین روزہ صفائی مہم کی کامیابی انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت عوامی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھا جائے گا۔