محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے راشننگ کنٹرولر آفس پشاور نے گزشتہ ہفتے کے دوران گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق پشاور شہر اور مضافات میں مختلف خوراک سے وابستہ کاروباروں کی چیکنگ کی گئی۔محکمہ خوراک راشننگ کنٹرولر آفس کے حکام کے مطابق انسپکشن ٹیموں نے قصائیوں، سبزی و فروٹ فروشوں، ہوٹلوں، بیکریوں، جنرل سٹورز اور دیگر کاروباری مراکز کی چیکنگ کی۔ اورسرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور گرانفروشی پر 16 قصائیوں اور 4 دودھ فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا، جب کہ 38 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیں اور 60 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔اسی دوران 285 کاروباریوں پر خوراک کے قوانین کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کاروائیوں پر انسپکشن ٹیموں کیاقدامات کو سراہا اور کہا کہ صوبہ بھر میں گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخ ناموں اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کے افسران بلا تعطل کارروائیاں کر رہے ہیں۔وزیر خوراک نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی یا غیر معیاری خوراک کی فروخت کی شکایت درج کروانے کے لیے خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی جانب سے قائم شکایات سیل کے ٹول فری نمبر 0800-37432 یا واٹس ایپ نمبر 0345-1009348 پررابطہ کریں۔