یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے بدعنوانی کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں خود احتسابی کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ جسمیں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی اراکین اور طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔مصدق عباسی نے اپنے خطاب میں معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے جہاں احتساب کا نظام مضبوط اور انصاف کی بالادستی ہو، وہاں بدعنوانی کم اور خوشحالی زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے اداروں میں بدعنوانی کے مواقع ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کی بدعنوانی ایک بڑا چیلنج ہے، جو ملکی وسائل کو بیرون ملک منتقل کرتی ہے۔ اس پر قابو پانا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے طلباء سیخود احتیسابی کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کی شروعات اپنے آپ سے کرنی ہوں گی۔ اگر ہم اپنے اندر مثبت تبدیلی لائیں تو پورا معاشرہ بدل سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو قرآن پاک، سیرت النبی ﷺ، اور علامہ اقبال کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچ بولیں، جھوٹ سے پرہیز کریں، اور کتابوں سے اپنا رشتہ مضبوط کریں۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے وائس چانسلر نے مصدق عباسی کا یونیورسٹی آمد پر گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور خوداحتیسابی پر ان کے جامع لیکچر کی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر مشیر وزیراعلی مصدق عباسی کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ یہ سیمینار ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد طلباء اور اسٹیک ہولڈرز میں بدعنوانی کے خلاف بیداری، احتساب اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا ہے۔