ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ک

ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے افسران کا ایک امن جرگہ بونی چترال میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال،ڈی پی او اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،تحصیل چیرمین مستوج سردار حکیم،تحصیل چیرمین تورکھو موڑکھو میر جمشید اور ٹی ایم او موڑکھو کے علاؤہ علاقائی مشران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈی پی او اپر چترال نے علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی بریفننگ دی، انہوں نے علاقے کے عوام سے درخواست کی کہ اپر چترال کے مثالی امن کو قائم رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔جرگے میں اپر چترال میں رہائش پزیر افعان مہاجرین کی وطن واپسی کے فیصلے سے متعلق ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا کہنا تھا کہ ریاستی احکامات کی روشنی میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی مقیم افراد کو پہلے مرحلے میں باعزت طریقے سے واپس بھیجنے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ افعان شہریوں کو باعزت طریقے سے وطن واپس بھیجا جائے۔ اس موقع پرتاجر یونین کے نمائندوں نے بونی بازار میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور بونی چوک سے لیکر بونی میڈکل سنٹر تک مین روڈ کی فوری مرمت کے مسائل پیش کئے۔

مزید پڑھیں