چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم تاج محمد خان ترند نے کہا

چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات میں تمام کنٹرولر امتحانات امتحان کی شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے نقل کی روک تھام مردان بورڈ میں پرچہ آوٹ ہونیوالے ملوث افسران و اہلکار کو قرار واقعی سزا دینے اور انکوائری رپورٹ جلد جمع کرنے کی ہدایت کردی ہے،ضلع بٹگرام میں زلزلہ سے متاثرہ سکولوں اور صوبہ میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات و دہشت گردی سے متاثرہ سکولوں کی جلد تعمیر کیلئے فی الفور اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے،صحت کارڈ کی طرح صوبائی حکومت تعلیمی کارڈ کا اجراء بھی عنقریب کرنے جارہی ہے تاکہ غریب بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے،دور دراز علاقوں میں ایٹا کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی میں پاسنگ مارکس کا پچاس فیصد سے زیادہ رکھنے سے سیٹیں خالی رہ جاتی ہیں اسلئے محکمہ تعلیم اس حوالے سے از سر نو پالیسی مرتب کرے اور کوئی بھی سیٹ خالی نہ رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سٹینڈنگ کمیٹی برائے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی افتخار مشوانی،رکن اسمبلی عدنان خان،رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد،رکن اسمبلی عبدالسلام آفریدی،رکن اسمبلی طارق سعید،رکن اسمبلی عاصمہ عالم،رکن اسمبلی ریاض خان،رکن اسمبلی انور خان،سپیشل سیکرٹری تعلیم خدا بخش،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم مقبول حسین،ڈائریکٹر یس ایجوکیشن ڈاکٹر ناہید انجم،ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی نعیم درانی،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردان (فیمیل)ثمینہ غنی،کنٹرولر امتحانات مردان بورڈ محمد فیاض اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں حکام نے چیئرمین کو مردان تعلیمی بورڈ میں پرچہ آوٹ ہونے والے معاملہ کے بارے میں تفصیلی گفتکو کی۔کنٹرولر امتحانات مردان بورڈ محمد فیاض نے ملوث اہلکاروں کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات بارے چیئرمین کو آگاہ کیا۔کمیٹی ارکان نے ٹرانسفر پالیسی کے تحت تبادلوں پر بھی اپنی رائے سے آگاہ کیا،سکولوں میں کلاس فور ملازمین کی بھرتی کیلئے محکمہ خزانہ سے این او سی لینے،اساتذہ بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کرنے،پی ٹی سی فنڈز کے استعمال میں شفافیت لانے،ایجوکیشن فاونڈیشن میں اساتذہ کی تنخواہ کی ریلیز،وغیرہ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔چیرمین کمیٹی تاج محمد خان ترند نے اس موقع پر کہا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن،تعمیر متعلقہ منتخب اراکین اسمبلی کی مشاورت سے کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام ڈی ای اوز کو مراسلہ ارسال کیا جا ئیگا۔انہوں نے ضلع بٹگرام میں زلزلہ سے متاثرہ سکولوں کی جلد تعمیر اور اس حوالے سے فنڈز کے اجراء کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کی تعمیر کو ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے اساتذہ بھرتی میں کوئی بھی سیٹ خالی نہ رہے اور تمام خالی سیٹوں کو پر کرنے کی ہدایت کی۔انکا کہنا تھا کہ سکولوں میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے حوالے سے چوکیدار اور دیگر درجہ چہارم ملازمین کی تقرری کیلئے محکمہ خزانہ جلد این او سی جاری کرے۔انہوں نے پی ٹی سی فنڈز میں خرد برد روکنے کیلئے ایک سب کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں