صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار زندگی کے تمام شعبوں میں انتہائی اہم ہے اور کوئی بھی شعبہ آئی ٹی کے بغیر نامکمل تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کامیاب ترین ممالک کی ترقی کا راز انفارمیشن ٹیکنالوجی ہی ہیں۔ دور جدید میں جس بھی ملک نے اپنے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط کیا ہے انہوں نے ترقی کے بلندیوں کو پایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکریٹریٹ پشاور کے نومنتخب انفارمیشن ٹیکنالوجی کابینہ کے ارکین کی حلف برداری تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان سیکریٹریٹ کونسل ظفر خان یوسفزئی، نومنتخب آئی ٹی صدر اسد خان، جنرل سیکرٹری حضرت بلال اور دیگر کابینہ ممبران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے نئے منتخب کابینہ سے حلف لیا اور مبارکباد پیش کی۔نذیر احمد عباسی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں آئی ٹی کے شعبے کو پروان چڑھانے اور دفتری امور کے ساتھ ساتھ تجارتی اور کاروباری معاملات کو بھی آئی ٹی کے ساتھ منسلک کروانے کیلئے اعلیٰ سطحی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ جس سے ان تمام امور کے نمٹانے میں تیزی آئے گی اور اپنے مقررہ وقت میں کاموں کا حصول بھی ممکن بنایا جاسکے گا۔صوبائی وزیر مال نے کہا کہ صوبے کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک تمام ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے قانونی اصولوں کے مطابق جلد از جلد حل کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطح پر آواز اٹھائی جائے گی تاکہ ان کے درینہ مطالبات کو پورا کروایا جاسکے۔صوبائی وزیر مال نے کہا کہ تحریک انصاف صوبے میں آئین کی بالادستی قائم کرنے اور عوام کو ان کے دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور صوبے کو کامیابی کے راہ پر گامزن کرنے کیلئے ان کے گراں قدر خدمات کو سراہتی ہے اور ان کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔