مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دارالقرآن پنج پیر صوابی کا دورہ کیا اور جید عالم دین شیخ القرآن مولانا طیب طاہری سے ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مولانا طیب طاہری اور ان کے عظیم والد کی علمی اور قرآنی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دارالقرآن پنج پیر صوابی صرف خیبر پختونخوا نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں علم کی شمع روشن کر رہا ہے۔ دینی علوم کیساتھ عصری علوم اور وحدت المدارس کی نیٹ ورک مولانا طیب طاہری کا لازوال کارنامہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت اس قسم کے اداروں اور درسگاہوں کی کاؤشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، بیرسٹر سیف نے دارالحدیث کے شعبے کے طلباء اور علماء کو خطاب بھی کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دارالقرآن میں آنا اور طلباء و علماء سے ملاقات میرے لئے سعادت ہے۔ اسلامی تعلیمات انسان دوستی اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، ان سے علم وشعور اور احساس پیدا ہوتاہے جس کا نتیجہ مثبت کردار سازی ہے۔ انسان کی خوبصورتی اور انسان کا معراج تک پہنچنے کیلئے علم بہترین ذریعہ ہے اور احساس کی قوت سے معرفت الہٰی پیدا ہوتی ہے، مولانا طیب نے ہمیشہ امن کی بات کی، ان کے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں امن اور ہم آہنگی کیلئے کردار کو سراہتے ہیں۔ مولانا طیب کے ساتھ دوستی اور تعلق میرے لئے فخر کا باعث ہے۔