کمشنر بنوں محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔تاکہ اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ایک قومی فریضہ ہے اسلئے آئندہ انسداد پولیو مہم میں ہر کوئی اپناحصہ ڈال کر پولیو سے بچاؤ میں تعاون یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے قومی مہم برائے انسداد پولیو 16 دسمبر سے 20 دسمبر2024 تک کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس افیسر عمران شاہد،ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالحمید خان،ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان آنلائن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ضیاء الدین احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لکی آنلائن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی آنلائن،شعبہ صحت کے افسران جبکہ ریجنل کوآرڈینیٹر عید نواز شیرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آنلائن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن محمد عابد خان وزیر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور بنوں ڈویژن کو اس مقصد کے حصول کے سلسلے کے راستے میں ہر رکاوٹ ختم کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ جن میں پولیو ورکرز کو مستعد اور سیکیورٹی صورتحال کو مضبوط بنانا ہے تاکہ ہر بچے کو قطرے پلا کر پولیو وائرس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔اجلاس میں ضلع بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کے متعلقہ پولیو افسران نے کارکردگی رپورٹ پیش کرکے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن نے انسداد پولیو میں کامیابیوں کے حصول پر پولیو افسران کو مزید کاوشیں تیز کرنے پر زور دیااور کہا کہ وہ آئندہ طے شدہ اہداف کی تکمیل تک تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ کمشنر بنوں ڈویژن نے مزید کہا کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے پولیو مہم میں حصہ لینے والے کارکنان کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔اس کے علاؤہ ڈویژن بھر کی ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تمام ضروریات اور جائز مطالبات کوپورا کریگی۔ تاہم انسداد پولیو مہم کی طے شدہ اہداف کے تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔