خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے عوامی اعتما د کو مزید فروغ دینے کے لیے اصلاحی ایجنڈہ “باور” پر عملدرآمد کرتے ہوئے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ریسکیو 1122 کے 14 آپریشنل سٹاف کو واپس ان کے متعلقہ اداروں میں خدمات سرانجام دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ہنگامی صورتحال میں ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک فعال، منظم اور عوام دوست ادارہ ہے جو ہر قسم کی ایمرجنسی و ناگہانی حالات میں عوام کو فوری امداد اور ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ایمرجنسی سروسز اور بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔ عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
