خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں سالانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر بلال احمد فیضی ترجمان ریسکیو1122 نے کہا کہ ریسکیو1122 نے گزشتہ سال 2025 میں 2 لاکھ 71 ہزار سے زائد ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کیں، جن میں 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد میڈیکل، 25 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات،5691 آگ لگنے کے واقعات، 780 ڈوبنے کے واقعات، 4439 جرائم, 194عمارتیں و چھتیں منہدم، مائنز 10، مختلف نوعیت کے گیس و سلینڈر دھماکے 93 اور دیگر مختلف ایمرجنسیز 6924 شامل ہیں، بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ریسکیو1122 نے 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد زخمیوں و مریضوں کوطبی امداد فراہم کی اور علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا، ریسکیو1122 نے ہیلتھ ایمبولینس (ریفرل) کے ذریعے 58800 شدید زخمیوں و مریضوں کو بہتر علاج معالجے کے ضلع کے اندر اور دوسرے اضلاع کے بڑے ہسپتالوں کو منتقل کیاجبکہ اس دوران مختلف واقعات میں 6185 افراد جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو1122 شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع اور سابق ایف آر ز میں بھی عوام الناس کو ان کی دہلیز پر یکساں خدمات فراہم کررہا ہے۔ ریسکیو1122 نے صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر عارضی ریسکیو پوائنٹس و سٹیشنز بھی قائم کیے ہیں جہاں سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کو بھی ایمرجنسیز کے دوران سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
