وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی

انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز حیات آباد، پشاور میں منگل کے روز یورپی یونین کے تعاون سے ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تحت ویمنز سنٹر آف ایکسیلنس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے لانچنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن کے علاؤہ سیکٹری صنعت عامر آفاق اور سیکرٹری اعلی تعلیم کامران آفریدی و دیگر حکام کے علاؤہ انسٹی ٹیوٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔مذکورہ منصوبہ صوبے کی خواتین کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، روبوٹکس، انٹرنیٹ آف تھنگز اور ڈیٹا سائنس جیسے جدید شعبوں میں ہنر فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ضروری ہیں۔تقریب میں معاون خصوصی نے سینٹر آف ایکسیلنس کا باقاعدہ آغاز کیااور اس کے اہم کردار پر زور ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صنفی تفاوتوں کو دور کرنے اور ہائی ٹیک شعبوں میں پائیدار مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردارادا کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ سینٹرآف ایکسیلنس ایک انقللابی قدم ہے جو خیبر پختونخوا کی خواتین کو ان ہنر سے لیس کریے گی جن کی انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں کامیاب ہونے کے لیے ضرورت ہے۔ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تحت ان سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام کا مقصد عالمی سطح پر تسلیم شدہ تربیتی پروگرامز فراہم کرنا ہے تاکہ خواتین، مہاجرین اور دیگر پسماندہ گروپوں کو ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک پیشوں میں مستقبل کے لیے تیار ہنر فراہم کیے جا سکیں۔

مزید پڑھیں