وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے نئے تعینات سیکرٹری ہاؤسنگ محمود اسلم نے منگل کے روز پشاور میں ملاقات کی اور محکمہ ہاؤسنگ کے منصوبوں پر تبادلہ خیا ل کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو مختلف ہاؤسنگ سکیموں کی تکمیل کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف ڈویژنوں میں جاری ہاؤسنگ منصوبوں پرترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے اور جتنے بھی ہاؤسنگ منصوبے ہاؤسنگ اتھارٹی کی زیری نگرانی جا رہی ہیں ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے اس موقع پر جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شب و روز ایک کرتے ہوئے تمام ہاؤسنگ منصوبوں کو جدید دور کی سہولیات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں دستیاب وسائل کے مطابق کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے تاکہ صوبے کے عوام کے رہائشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔معاون خصوصی نے مزید ہدایت کی کہ ہاؤسنگ منصوبوں کی تکمیل میں معیار مقدار اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے تاکہ تمام ہاؤسنگ سکیمیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور کے وژن کے مطابق مکمل ہو سکیں۔