وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے منگل کے روز پشاور کے مقامی ہوٹل میں واٹر ریسورس اکاونٹیبلٹی ان پاکستان(WRAP)پروگرام کے تحت منعقدہ ایک مشاورتی سیشن میں شرکت کی۔سیشن میں صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان،وزیر اعلی کے معاونین خصوصی ہمایون خان اور طفیل انجم کے علاوہ پارلیمنٹیرینز،سرکاری اداروں کے حکام اور پروگرام کے نمائندے بھی موجود تھے۔ واٹر ریسورس اکاونٹیبلٹی ان پاکستان پروگرام انٹرنیشنل واٹر منیجمنٹ انسٹی ٹیوٹ جو کہ ترقی پذیر ممالک میں اراضیات اور پانی کے پائدار استعال کیلئے کوششیں کررہا ہے کیساتھ ایک مشترکہ پارٹنر کے طور پر پاکستان میں کام کرتا ہے اور مذکورہ منصوبے کو دولت مشترکہ اور ڈویلپمنٹ آف یوکے ایڈ کا مالی تعاون حاصل ہے۔ مذکورہ پروگرام کے تحت ملک اور صوبے میں واٹر گورننس کو بہتر کرنے،ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات اور ماحولیاتی پائیداری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ مزید برآں اس پروگرام کے تحت ملک و صوبے میں پانی کے ذرائع کو منظم طور پراستعمال میں لانے کیلئے گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کرنا ہے۔سیشن سے حکومتی نمائندوں،واٹر ریسورس اکاونٹیبلٹی ان پاکستان پروگرام کے ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پانی کے بے جا ضیاع کو روکنے کیلئے بہتر گورننس اور ایک بہتر ومفید انتظام کے تحت اسکے استعمال کیلئے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں۔سیشن میں (WRAP) پروگرام کی کوششوں اور اقدامات کے حوالے سے بھی شرکا کو آگہی دی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے پانی جیسی قدرتی نعمت کے منظم استعمال اور مستقبل کیلئے اس کو محفوظ بنانے کیلئے تدابیر اور اقدامات کے حوالے سے تجاویز دیں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں اس پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیئے اور پانی کے منظم استعمال کیلئے کوششیں کرنی چاہئے تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہو۔