محکمہ سیاحت کی جانب سے دیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے ماسٹر پلان تیار

محکمہ سیاحت کی جانب سے دیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے ماسٹر پلان تیار
صوبہ بھر میں سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے دو ارب روپے کا ہمہ گیر منصوبہ بنایا گیا ہے، سیکرٹری سیاحت
دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کی سیکرٹری سیاحت وثقافت سے ملاقات، دیر کا ثقافتی دن صوبائی سطح پر منانے کی درخواست
خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سیاحت و ثقافت محمد بختیار خان سے دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور کے وفد نے صدر حاجی سلطان یوسف دیر لالہ کی زیرقیادت ملاقات کی۔ وفد نے صوبے میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وفد نے سیکرٹری کلچر اور سیکشن آفیسر قابل سید کو دیر کی ثقافتی پہچان ”سفید دیروجی ٹوپی” پہنائی جبکہ سیکرٹری سیاحت محمد بختیار خان نے وفد کو پاکستان کے قومی جانور مارخور کی علامتی شبیہ اور محکمہ ثقافت کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ وفد نے نشاندہی کی کہ ضلع دیر بالا اور دیرپایاں میں مواصلاتی سہولیات کی کمی کے باعث سیاح صرف کمراٹ کو ترجیح دیتے ہیں حالانکہ دیگر سیاحتی مقامات جیسے لڑم ٹاپ، خدنگو، چنارونہ، بخت بلندہ، نوا پاس، لام چڑ، شاہی ٹاپ، لواری ٹاپ، ڈوگ درہ، شیل ڈب، شبانال، جہاز بانڈہ اور باڈگوئی ٹاپ بھی قدرتی حسن سے مالامال اور سیاحتی اہمیت میں بے مثال ہیں۔ سیکرٹری سیاحت نے واضح کیا کہ جہاز بانڈہ روڈ کا ٹینڈر ہو چکا ہے جبکہ باقی علاقوں میں سیاحتی سہولیات کی بہتری کیلئے باقاعدہ ماسٹر پلان کے تحت عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کی بدولت دیر کے پوشیدہ سیاحتی مقامات بھی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے پرکشش بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل طور پر فعال بنا دیا گیا ہے اور چترال کی طرز پر شرینگل تا کمراٹ مقامی افراد کو اپنے گھروں میں سیاحوں کو ٹھہرانے کیلئے مالی معاونت کی سکیم بھی متعارف کی گئی ہے۔ اسی طرح ضم شدہ اضلاع، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت صوبہ بھر کیلئے دو ارب روپے کا ایک ہمہ گیر ترقیاتی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، مشیر سیاحت زاہد چن زیب اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی کابھی ذکر کیا۔ وفد نے ”سفید دیرو جی ٹوپی” اور دیر کے ثقافتی دن کے انعقاد میں محکمہ ثقافت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس دن کو صوبائی سطح پر منانے کی درخواست پیش کی۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ اگر یہ تجویز منتخب نمائندوں کے ذریعے وزیراعلیٰ تک پہنچائی جائے تو اس میں مثبت پیشرفت ممکن ہے۔ انہوں نے اس امر سے بھی اتفاق کیا کہ ثقافتی تہوار لوگوں میں خوشیاں بانٹنے کا سبب بننے کے علاوہ انکی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں اور یقین دلایا کہ حکومت صوبہ میں سیاحت و ثقافت کے فروغ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

مزید پڑھیں