وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے رکن قومی اسمبلی اور سابق سپیکر اسد قیصر کے ہمراہ باچاخان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور صوابی میں جدید لیبارٹری کے اپگریڈیشن اور ٹیوب ویل سولرائزیش کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پرہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقین موجود تھے۔ منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ لیب کی اپگریڈیشن ایم ٹی آئی ہسپتال میں جدید سہولتوں کے سلسلے میں ایک اہم اقدام ہے جس سے ہسپتال میں مختلف طبی تجزیوں کے حوالے سے سہولیات میسر آسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن بھی ایک اہم منصوبہ ہے جو صوبائی حکومت نے سرانجام دیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہماری حکومت آنے کے بعد ہم نے نہ صرف بند کیا ہوا صحت کارڈ سہولت دوبارہ شروع کیا بلکہ اس میں مزید سہولتیں بھی شامل کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعمیر وترقی کا سفر جاری رہے گا اور اس ضمن میں ہر شعبے کو ترجیح دی جائے گی۔