خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، سینکڑوں لیٹرز جعلی مشروبات اور چائنہ سالٹ ضبط، بھاری جرمانے عائد

> شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف شہروں میں کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مردان، نوشہرہ اور صوابی میں چھاپے مارے اور سینکڑوں لیٹرز جعلی مشروبات اور چائنہ سالٹ ضبط کر لیا۔ اس حوالے سے ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نوشہرہ نے پیر سباق میں گودام پر چھاپہ مارا اور انسپکشن کے دوران 800 لیٹرز سے زائد جعلی اور غیر معیاری مشروبات برآمد کرکے ضبط کی گئیں اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کیا۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم صوابی نے چھوٹا لاہور میں ایک دوکان سے 440 لیٹرز مضر صحت مشروبات ضبط کیے اور وارننگ نوٹس جاری کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم مردان کی جانب سے ایک مصالحہ بنانے والی فیکٹری سے 100 کلو گرام ممنوعہ چائنہ سالٹ ضبط کر لیا گیا اور صفائی کی ناقص صورت حال پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کامیاب کاروائیوں کو سراہا اور کہا کہ مضر صحت خوراکی اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں اور اس کے خلاف صوبہ بھر میں بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں گی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں