خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سیدو شریف میں مریضوں کو جدید اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق کو عبادت سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں اور مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے زیر تعمیر کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد، خلیل احمد، چیئرمین و پی ٹی آئی سٹی صدر حیدر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کے لیے درجنوں ویل چیئرز کا افتتاح کیا اور یہ سہولیات ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیں۔ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں ان ویل چیئرز کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ فضل حکیم خان نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز کو بغور سنا اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر کے زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان (HODs) نے شرکت کی۔ اجلاس میں دماغی فالج (Stroke) کے مریضوں کے لیے تھرومبولائٹک تھراپی، پلازما فریسس مشین اور منشیات کے عادی مریضوں کے علاج کے لیے صحت کارڈ پر فراہمی جیسے اہم دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایچ او ڈی ڈاکٹر واصل خان نے تھرومبولائٹک تھراپی کی اہمیت پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ تھراپی عام طور پر اُن فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جو دماغ کی شریان میں خون کے لوتھڑے بننے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس تھراپی میں ایک مخصوص دوا دی جاتی ہے، جو عموماً انجیکشن کے ذریعے دی جاتی ہے۔ یہ دوا خون کے لوتھڑے کو گھلا کر شریان میں خون کی روانی بحال کر دیتی ہے۔ تاہم، یہ تھراپی صرف اُس وقت مؤثر ثابت ہوتی ہے جب اسے علامات ظاہر ہونے کے تقریباً تین گھنٹوں کے اندر اندر دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھرومبولائٹک تھراپی کو صحت کارڈ پر فراہم کیا جائے، جسے صوبائی وزیر نے سراہا۔ فضل حکیم خان نے اجلاس کے دوران ضروری فیصلے کیے اور کہا کہ وہ ان سہولیات کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے جلد ملاقات کریں گے تاکہ سوات کے عوام کو مزید جلد از جلد معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ اختتام پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور ہر شہری کو برابر کی بنیاد پر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت امیر و غریب کے درمیان کسی قسم کا فرق نہیں رکھتی۔

مزید پڑھیں