چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے 77 ویں یوم آزادی منانے کی تیاریوں کے حوالے سے پیر کے روز پشاور میں منعقدہ اجلاس کی

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے 77 ویں یوم آزادی منانے کی تیاریوں کے حوالے سے پیر کے روز پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور عابد مجید، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی موجود تھے جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو سیکرٹری ایڈمنسٹریشن محمد اسرار کی جانب سے یوم آزادی پر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے اضلاع میں ہونے والے پروگرامز کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پرچیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی جشن یوم آزادی بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم آویزاں اور برقی قمقموں سے چراغاں کیا جائے۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اور اضلاع میں پرچم کشائی، ریلیوں، خصوصی واک کا انعقاد کیا جائے۔ اسی طرح تعلیمی اداروں میں آزادی کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا جائے جس میں جشن آزادی کے حوالے سے آگاہی تقاریر، کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی سرگرمیوں کو اخبارات، ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر اجاگر کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست پاکستان کو ایک مثالی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے جس کیلئے ہم سب مل کر محنت و کوشش جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں