خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے سرکی لواغر کے مشران کو یقین دلایا ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے سرکی لواغر کے مشران کو یقین دلایا ہے کہ پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں کر سکتا اور علاقے کے مسائل مشران کے باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گل رؤف خٹک کی قیادت میں سرکی لواغر کے مشران کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف تحصیل کرک کے صدر عاصم خٹک بھی موجود تھے۔ سرکی لواغر مشران نے حالیہ افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور قوم نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ مشران نے صوبائی وزیر زراعت کو سرکی لواغر کے افسوسناک واقع کے بعد گاؤں کو پیش آنے والے مشکلات سے آگاہ کیا اور انہیں اس سلسلے میں اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ وزیر زراعت سجاد بارکوال نے مشران کو اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس معاملے پر ڈی پی او کرک کے ساتھ بات ہوئی ہے اور انشاء اللہ آج ڈی پی او کے ساتھ معاملے کے حل پر دوبارہ گفتگو ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کیلئے قابل احترام ہے اور پوری قوم قانون کی پاسداری کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ کسی بے گناہ کے ساتھ کوئی بھی ادارہ زیادتی نہیں کرسکتا، پولیس اور عوام ایک دوسرے کی طاقت ہے، ملکر علاقائی رواج اور قانونی کے مطابق تمام معاملات حل کریں گے۔ پوری قوم پولیس کے ساتھ مجرم کے حوالے سے بھر پور تعاون کریگی اور کوئی بھی رکاؤٹ نہیں ڈالے گی۔ سرکی لواغر کے مشران اور پولیس دونوں ہمارے لئے قابل عزت و احترام ہیں، انشاء اللہ پولیس کے ساتھ مل کر اس معاملے کو باہمی افہام و تفہیم اور مشاورت سے حل کریں گے۔

مزید پڑھیں