صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا بی ایچ یو غلہ ڈھیر مردان کا دورہ

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) غلہ ڈھیر مردان کا گزشتہ روز اچانک دورہ کیا اور مقامی افراد کو یونٹ میں دی جانے والی طبی سہولیات، مفت ادویات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو کا یونٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کہنا تھا کہ بی ایچ یو غلہ ڈھیر کی عمارت ازسرنو تعمیر کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ظاہر شاہ طورو نے بی ایچ یو انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری مفت ادویات کی دستیابی اور معیاری طبی سہولیات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مریضوں کو صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے بی ایچ یو کے عملے پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔دورے کے دوران محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بھی موجود تھے

مزید پڑھیں