خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان اور چیرمین پاکستان تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان اور چیرمین پاکستان تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے منگل کے روز یونیورسٹی اف بونیر میں نئے تعمیر ہونے والے جناح ایڈ منسٹریشن بلاک اور حضرت فاطمہ رضہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا۔ان منصوبوں کی تعمیر پر بالترتیب 223.98 ملین روپے اور 126.118 ملین روپے لاگت آئی ہے جن کی تعمیر سے جامعہ بونیر کو انفراسٹرکچر کے سلسلے میں جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت،سابقہ امیدوار قومی اسمبلی کامران خان،جامعہ کے وائس چانسلر،اساتذہ اور دیگر انتظامی افسران موجود تھے۔یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر سیف الاسلام اور دیگر عملے نے پی ٹی آئی چیر مین اور صوبائی وزیر کا استقبال کیا اور انہیں یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں دونوں مہمانوں کو یونیورسٹی کی جانب سے تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی اور یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات،تدریسی سرگرمیوں اور چیلنجز کے حوالے سے انھیں آگاہ کیا گیا۔انھیں یونیورسٹی کیلئے بعض ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی بہتری کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔انھوں نے یونیورسٹی میں سولرائزیشن ودیگر ضروریات کی فراہمی میں اپنی بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ صوبائی وزیر نے کہا یونیورسٹی آف بونیر کیلئے انکی کوششوں سے پہلے بھی 7 کروڑ روپے کی گرانٹ صوبائی حکومت نے فراہم کی ہے اور آئندہ بھی اس درسگاہ کی معاونت کیلئے اپنی کوششیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بونیر کا منصوبہ پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے جو یہاں کے عوام کی تعلیمی سہولت کیلئے اس علاقے میں قائم کیا گیا ہے اس کا افتتاح بانی چیرمین عمران خان نے کیا تھا اور اس کے قیام میں کردار ادا کرنے والوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ یہ یونیورسٹی ایک معیاری اور جدید درسگاہ کے طور پر سامنے آئے۔انھوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور اس کیلئے انفراسٹرکچر کی سہولیات ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم یونیورسٹی آف بونیر کی ترقی اور کامیابی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی اورنوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملک وقوم کی بہتر مستقبل کے لیے اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کریں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور سائنس و ٹیکنالوجی کا ہے لہذا طلبہ اپنا قیمتی وقت ضائع کئیے بغیر اپنی مستقبل کو قیمتی بنائیے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی مہارت مہارت حاصل کریں۔قبل ازیں صوبائی وزیر اور چیر مین پی ٹی آئی و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے فیتہ کاٹ کر نئے منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب کے اخر میں وائس چانسلر سیف الاسلام نے صوبائی وزیر سید فخر جہان کو روائتی چادر،پکول اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

مزید پڑھیں