وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امداد، بحالی و آباد کاری ملک نیک محمد خان داوڑ نے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان، جو کہ پاک افغان سرحد پر واقع ہے، کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ایک ارب روپے کی لاگت سے پاک افغان سرحد پر جدید ہسپتال کے قیام کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ یہ ہسپتال تعمیر ہونے کے بعد مقامی آبادی کے ساتھ افعانستان کے شہریوں کو بھی جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ ہسپتال کے لیے حتمی جگہ کا انتخاب مقامی اقوام کی مشاورت سے کیا جائے گا۔دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، تحصیلدار غلام خان، متعلقہ حکام، اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی معاون خصوصی کے ہمراہ موجود تھے۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے زیرو پوائنٹ پاک افغان بارڈر کا بھی جائزہ لیا اور کسٹم کلیئرنس ایجنٹس سے ملاقات کی، جنہوں نے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے بعض مسائل موقع پر ہی حل کئے جبکہ دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں،معاون خصوصی نے علاقے کے عمائدین سے ملاقات بھی کی اور ان سے سرحدی امورسے متعلق مسائل پر تفصیل تبادلہ خیال کیا۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے عوام کو یقین دلایا کہ علاقے کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔