صوبائی حکومت صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ساتھ ہی غیر ملکی سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، گندھارا تہذیب ہمارا ثقافتی ورثہ ہے کیونکہ گندھارا تہذیب کا 90 فیصد ورثہ خیبرپختونخوا میں واقع ہے اور آج اس موقع کا فائدہ اتھاتے ہوئے میں گندھارا نالج کوریڈور کھولنے کی تجویز پیش کرنا چاہتا ہوں، یہ راہداری تکنیکی ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اقدام کے لئے علم کے اشتراک کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی،نالج کوریڈور کے ذریعے ہمارا مقصد عالمی تحقیق اور تعاون کو فروغ دینا ہے اس سے دنیا میں خیبر پختونخوا کا مثبت چہرہ بہترین انداز میں پیش کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس، ٹیکنالوجی و آئی ٹی شفقت ایاز نے پشاور میوزیم میں گندھارا تہذیب کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ تقریب میں 14 مختلف ممالک کی20 بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے چالیس سے زیادہ محققین اور سکالرز نے شرکت کی۔یہ وفد خیبرپ پختونخوا کے خصوصی دورے پر ہے وفد نے گزشتہ روز تخت بائی کا دورہ کیا اور اگلے مرحلے میں سوات کا دورا بھی کرے گا۔پشاور میوزیم میں ورکشاپ کا انعقاد سائنس، ٹیکنالوجی و آئی ٹی اور محکمہ آرکیالوجی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ورکشاپ میں سیکرٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈی جی ایس ٹی آئی ٹی، ڈائریکٹر آرکیالوجی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا نے کہا کہ گندھارا تہذیب ایک عظیم تاریخی ورثہ ہے جو قدیم بدھ مت، فن تعمیر، مجسمہ سازی اور ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تہذیب کے مختلف اجزاء کو سمجھنے اور جدید تحقیق میں بہتر طریقے سے پیش کرنے میں سائنس و آئی ٹی کے ساتھ ساتھ محکمہ آرکیالوجی و عجائب گھر کا اہم کردار ہے۔خیبر پختونخوا میں مذہبی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں صوبائی حکومت ان کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے جیولوجیکل اسٹڈیز اور ڈیجیٹل آرکائیو کے ذریعے گندھارا تہذیب کو بہتر انداز میں پیش کیا جاسکتا ہے اور آنے والی نسلوں کو آسانی سے منتقل کیا جاسکتا ہے۔ آخر میں معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ورکشاپ میں شریک غیر ملکی شرکاء اور محققین میں اعزازی شیلڈ اور تحائف بھی تقسیم کئے۔