وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ ڈیجیٹائز یشن کی طرف گامزن ہے ضلع مردان میں ڈرائیونگ لائسنس اجراء کو سہل بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مردان ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیا۔ دورے میں مردان سے منتخب ایم پی اے عبدالسلام آفریدی،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری پی ٹی اے پشاور، سیکرٹری آر ٹی اے مردان ودیگر اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے موقع پر معاون خصوصی اورکمشنر مردان ڈویژن کے مابین ٹرانسپورٹ امور کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ڈویژن و ضلع انتظامیہ کے درمیان روابطہ مضبوط کرنے پر گفتگو ہوئی تاکہ مردان ضلعے اور ڈویژن میں ٹرانسپورٹ امور میں بہتری لائی جا سکے۔