وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے زکواۃ کمیٹی ضلع سوات کے چیئرمین ملک آصف علی شہزاد نے جمعرات کے روز پشاور میں ملاقات کی اور زکواۃ کے مختلف امور بارے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے معاون خصوصی کو بتایاکہ زکواۃ کے فنڈ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بری کوٹ کو 7 لاکھ روپے غریب مریضوں کے علاج معالجے کے لیے فراہم کئے ہیں اسی طرح زکواۃ فنڈ سے نادار اور بے سہارا بچوں کو سکالرشپ بھی دی جا رہی ہے اور بے سہار بچیوں کے لیے جہیز کا بھی بندوبست کیا جا تاہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمر رسیدہ یعنی 60 سال سے اوپر کی عمر کے لوگوں کے لئے خصوصی کارڈ کے ذریعے ماہانہ 5 ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین ملک آصف علی شہزاد نے کہا کہ کینسر،ہیپاٹائٹس اور گردو ں کے مریضوں کو بھی گزارا الاونس کے طور پر ماہانہ 30 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ زکواۃ کی ایک ایک پائی مستحقین کی امانت ہے اور صوبائی حکومت زکواۃ فنڈز کو شفاف انداز میں اس کے حق داروں میں تقسیم کی خواہاں ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں اور انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے عوام کی فلاح و بہبود کے کام صوبے کے ہر ضلع میں شروع ہونے چاہیے تاکہ صوبے کے غریب اور نادار عوام کے مسائل کا حل ممکن ہو سکے