پشاور اور مردان میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں ہزارو ناقص جوس پیکس اور مشروبات ضبط، فیکٹریاں سیل

صوبائی وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت اور غیر معیاری مشروبات کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہو ئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران پشاور اور مردان میں ہزاروں غیر معیاری جوس کے پیکس اورسافٹ ڈرنکس پکڑی گئیں اور دوفیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا۔فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے پھندو روڈ توحید آباد کے علاقے میں آیک گھر کے اندر پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے 3500 پیکس غیر معیاری جوس برآمد کرکے ضبط کر لئے گئے، جب کہ 500 لیٹرز جوس موقع پر ہی تلف کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران 100 کلو گرام مس لیبل پیکنگ میٹریل بھی برآمد کیا گیا، جس کے بعد فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ ناقص جوس پشاور کے نواحی علاقوں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسری کاروائی کیدوران فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے پار ہوتی میں جعلی کاربونیٹیڈ ڈرنکس بنانے والی ایک فیکٹری کو بے نقاب کر دیا، جہاں معروف برانڈز کے نام سے جعلی مشروبات تیار کیے جا رہے تھے۔ فیکٹری میں استعمال ہونے والی مشینری ضبط کر لیا گیا اور فیکٹری کو سیل کرکے ذمہ داران پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ساتھ ہی فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے ناقص مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے، عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ عوامی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، سخت ترین کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کے بارے میں فوڈ اتھارٹی حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ ایسے انسان دشمن عناصر کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

مزید پڑھیں