معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی بورڈ کے 41 ویں اجلاس کاانعقاد

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی بورڈ کا 41 واں اجلاس منگل کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ محمود اسلم وزیر، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی عمران وزیر، ایڈیشنل ڈی جی عامر زیب خان اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت جاری اور مکمل شدہ ہاؤسنگ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جب کہ ڈی جی ہاؤسنگ عمران وزیر نے لینڈ شیئرنگ سے متعلق رہائشی اراضی کے لیے مرتب کردہ قوانین پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر امجد علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے 2014 کے قوانین میں ضرورت کے پیش نظر ضروری ترامیم ہوتی رہی ہیں، تاہم اب نئی قانون سازی کے تحت رہائشی اراضی کے لیے بھی لینڈ شیئرنگ کے اصول وضع کیے گئے ہیں، جس سے ہاؤسنگ سکیموں کی تکمیل میں آسانی ہوگی اور ان کی افادیت و اہمیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے حیات آباد ہائی رائزنگ منصوبے کے لیے لفٹ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہو۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی ہدایت پر شہداء کے لواحقین کو ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت 500 پلاٹس الاٹ کیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق تمام ہاؤسنگ منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ صوبے کے عوام بہتر، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ رہائشی زندگی گزار سکیں۔

مزید پڑھیں