وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،سابق سپیکر قومی اسمبلی وایم این اے اسد قیصر اور صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان کے ہمراہ ضلع صوابی کے علاقے بام خیل میں واقع سپورٹس کمپلیکس میں نئے جمنازیم ہال،ہاکی گراؤنڈ، فٹ بال گراؤنڈ اور کرکٹ گراؤنڈ کی سہولیات کے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔صوابی کے صوبائی حلقہ پی کے پچاس میں قائم سپورٹس کمپلیکس میں انڈور اور دیگر کھیلوں کی ان جدید سہولیات کی فراہمی اور علاقے میں کھیل کود کی ترقی کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے۔باضابطہ افتتاح کی تقریب میں محکمہ سپورٹس کے اعلیٰ حکام و ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ابرہیم کے علاوہ مقامی عمائدین،پی ٹی آئی کے ورکرز وعہدیداران،مقامی تحصیل چیر مین،مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں،سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں مشیر کھیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس میں نئی سہولیات کو صوابی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام علاقوں میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور سہولیات کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔سپورٹس کے شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح اور عمران خان کا ویژن ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم ہر ضلع میں سپورٹس کی سہولیات کو بہم پہنچانے پر توجہ دئیے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مذکورہ سپورٹس سٹیڈیم صوابی میں نوجوانوں کیلئے ایک بہترین تفریح گاہ ہوگی جس میں ہر کھیل کے حوالے سے سہولیات موجود ہیں اور یہ حکومت کی جانب سے صوابی کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے نئے گراؤنڈز بھی تعمیر کرے گی اور موجودہ پلے گراؤنڈز کو بھی زیادہ سہولت یافتہ بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔مشیر کھیل نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کیلئے پلے گراؤنڈز اور سپورٹس کمپلیکسز کو ایسا معیاری بنا دیں جہاں سے قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی نکلیں۔مشیر کھیل نے کمپلیکس میں ہاکی ٹرف کی سہولت کے حوالے سے کہا کہ صوابی میں ہاکی کا کھیل زندہ ہے اور اس کمپلیکس میں ہاکی کھلاڑیوں کیلئے ایک معیاری گراؤنڈ کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ تقریب سے ایم این اے اسد قیصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نوجوانوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے نہ صرف سپورٹس گراؤنڈز تعمیر کئے ہیں بلکہ کھلاڑیوں کی بھی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا عمران خان کا ویژن ہے۔صوبائی وزیر عاقب اللہ خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور ضلع میں کھیل کے شعبے کے حوالے سے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔قبل ازیں مشیر کھیل،ایم این اے اسد قیصر اور صوبائی وزیر عاقب اللہ خان نے نقاب کشائی کرتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس میں نئے تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح کیا