وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختوخواکے عوامی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ صحت سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک پر براہ راست ای کھُلی کچہری کے ذریعے عوامی شکایات سنیں۔ انہوں نے پہلے سے درج شدہ 450 شکایات و آرا ء کا تجزیہ کیا۔ ان میں شکایات اور محکمہ صحت کی بہتری کیلئے آرا بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکتر محمد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری فیاض شیرپاو، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ حبیب اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔ مشیر صحت احتشام علی نے کھُلی کچہری کے دوران آئی ایچ پی ملازمین کیلئے ایک مہینے کی تنخواہ جاری کرنے، انٹی گریٹڈ ویکٹر کنٹرول پروگرام کے مستقل شدہ ملازمین کی تنخواہوں کی ریلیز پر عملدرآمد کے احکامات جاری کردئے۔ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں انڈکشن، آن لائن پوسٹنگ ٹرانسفر، مختلف ہسپتالوں میں خدمات سے متعلق شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کیں۔ مشیر صحت احتشام علی کھلی کچہری کے دوران مختلف شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان معاملات سے متعلق تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔