وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے منگل کے روز پشاور میں نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ منصوبہ کے بارے میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ خیام حسن، ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں پشاور ویلی منصوبے پر معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتا یا گیا کہ نیو پشاور ویلی جو خیبر پختونخواکا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کیبنٹ اجلاس میں اس منصوبے کو پی ڈی اے سے خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کو منتقل کیا تاکہ خیبر پختونخوا اتھارٹی اس منصوبے کو بھی اپنے دیگر جاری اور مکمل منصوبوں کی طرز پر جلد از جلد مکمل کرسکے۔اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل ہاؤسنگ اتھارٹی نے مزیدبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیو پشاور ویلی کا رقبہ 106000 کنالز پر محیط ہے جس میں بہت سے علاقے اور گاؤں شامل ہیں اور کئی جگہوں پر ناجائز تجاوزات بھی کی گئی ہیں۔ معاون خصوصی نے حکام کو ایک کمیٹی بنا نے کی ہدایت کی جو جرگے تشکیل دے گی اور منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔ معاون خصوصی نے اس حوالے سے کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سے مدد لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ حکومت کے اس اہم منصوبے کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں آنے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے دیں گے جس سے ان کے نقصان کا ازالہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو زمین دستیاب ہے اس پر فوری کام شروع کیا جائے اور فیز ون اور فیز ٹو بیک وقت شروع کیے جائیں تاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کو ٹھیس نہ پہنچے۔انہوں نے منصوبے کی سائٹ پر نگرانی کی غرض سے دفاتر قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے پشاور ویلی منصوبے کی پبلیسٹی کے لئے مناسب عوامی مقامات پر بینرز لگانے کی بھی ہدایت کی اورکہا کہ حالیہ دور میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہے جس کے لیے باہمی روابط کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔