وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے حکام کو بونیر ماربل سٹی کے قیام کے سلسلے میں اقدامات تیز کرتے ہوئے ایک مہینے میں تمام معاملات طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ صنعتی منصوبہ علاقے کی مجموعی ترقی و خوشحالی کا آئنہ دارہے جس کے ذریعے نہ صرف علاقے میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی کا محرک بھی بنے گا لہذا محکمہ صنعت اور مقامی انتظامیہ اس سلسلے میں اپنی متعین ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ اس منصوبے کی ڈیولپمنٹ کا باقاعدہ اغاز جلد از جلد ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں بونیر ماربل سٹی کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عامر آفاق کے علاؤہ سپیشل سیکریٹری صنعت انور خان،ایڈیشنل سیکریٹری ریحان گل خٹک،ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم،خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو ڈپٹی کمشنر بونیر نے مذکورہ اہم صنعتی منصوبے کے حوالے سے مجوزہ اراضی کے حصول اور دیگر پہلوؤں میں انتظامیہ کی ذمہ داریوں اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر فورم نے خیبر پختونخوا ایزڈمک کے حکام کو مقامی انتظامیہ کیساتھ مشترکہ طور پر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف محکموں سے جڑے مراحل میں اس منصوبے کو ترجیحی طور پر آگے لے جایا جائے تاکہ طویل عرصے سے زیر التوا اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔انھوں نے ایک مہینے کے عرصے میں تمام درکارمعاملات کو حل کرنے کی ہدایت کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے صحت وتعلیم سمیت انسانی ترقی کی دیگر متعدد سہولیات علاقے میں آسکیں گی۔