چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے خیبرپختونخوا میں انسدادِ پولیو سے متعلق ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی.اجلاس میں خیبرپختونخوا میں نئے سامنے آنے والے کیسز کے تناظر میں اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں انسدادِ پولیو اقدامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ڈی آئی خان، بنوں ڈویژن کے کمشنرز، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام، پولیو کے صوبائی اور وفاقی حکام نے شرکت کی.اجلاس کو محکمہ صحت حکام نے متاثرہ علاقوں میں حالیہ صورتحال کے تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حکمت عملی کے تحت مختلف آپشنز پر کام شروع کردیا گیا ہے جس میں مقامی عمائدین، مشران اور دیگر با اثر افراد کی حمایت سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں عوامی حمایت، تعاون اور شمولیت کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو میں مقامی عمائدین اور مشران کا تعاون ناگزیر ہے اور ہمارا ٹارگٹ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی مشن ہے جس کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔