وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ مالیاتی نظام میں بددیانتی اور خیانت سرکاری خزانے کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ مالی سرگرمیوں میں حکومتی پالیسی کے مطابق چلنا نہایت ضروری ہے تاکہ قومی خزانے کو فائدہ پہنچے۔یہ بات انہوں نے نشتر ہال کمپلیکس اور خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے اچانک دورے کے دوران کہی۔مشیر سیاحت و ثقافت نے نشتر ہال کمپلیکس کی بکنگ سے متعلق واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادائیگیاں پیشگی اور صرف نامزد بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ہی وصول کی جائیں، اور ہاتھ سے لکھا کوئی بھی چالان قابلِ قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے ہدایت دی کہ ہال کے داخلی دروازے پر اردو اور انگریزی زبان میں واضح بورڈز آویزاں کیے جائیں جن پر کرایہ جات اور ادائیگی کی شرائط درج ہوں تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔دورے کے دوران زاہد چن زیب نے دفاترکی مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور متعدد افسران و اہلکاروں کی دورانِ ڈیوٹی غیر موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت کے اداروں میں عملے کی مالی بددیانتی اور غیر حاضری ناقابلِ برداشت ہے، اور اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔